ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سمندری حدود میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر پاکستان کے پانی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس پر موجود ٹائم کوڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ پیر کی شب پیش آیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے۔
پاک بحریہ کا یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب منگل کو ہی بھارت کی بحری فوج کے سربراہ نے تصدیق کی کہ ان کی فورس سمندر میں چوکنا ہے۔
بھارتی نیول چیف سنیل لانبا کا دعویٰ تھا کہ ’’دہشت گرد‘‘ سمندر کے راستے گھس کر دہشت گردی کی کوشش کر رہے ہیں۔ سنیل لانبا نے پاکستان کا نام لیے بغیر ہرزہ سرائی کی کہ پلوامہ میں ہونے والا حملہ ریاستی پشت پناہی سے کیا گیا تھا۔
بھارتی نیول چیف اپنے اگلے عزائم کے لیے توجیح پیش کر ہی رہے تھے کہ پاکستان کے سمندر میں ان کی چوری پکڑے جانے کا اعلان ہوا۔ حقیقت میں اس وقت تک لانبا اس بات سے آگاہ تھے کہ ان کی آبدوز دیکھی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر ضابطے کے مطابق اسے سطح سمندر پر آنے کے لیے کہا۔ یاد رہے کہ اگر کوئی آبدوز اس کے بعد بھی سطح سمندر پر نہیں آتی تو اس کے خلاف کارروائی ہوتی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے منگل کی دوپہر بتایا کہ پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے کامیابی سے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اُسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا اور پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سُراغ لگایا۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔