وزیراعظم شاہد خاقان نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا۔نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز جمعرات 3 مئی سے ہوگا۔جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔نیواسلام آبادایئرپورٹ پرپہلے سال ایک کروڑمسافرسفرکرسکیں گے،2025تک نیواسلام آبادایئرپورٹ سے سالانہ ڈھائی کروڑمسافرسفرکرسکیں گے۔پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے کے لیے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جدید ترین لیزر سیکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح 20 اپریل کو ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث تاریخ تبدیل کرتے ہوئے آج افتتاح کیا گیا ۔