زرداری صاحب کیچڑ اچھالنے اور تاریخ کو مسخ کرنے سے گریز کریں،نواز شریف

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری کا تازہ بیان قومی جماعت کے قائد کے شایان شان نہیں،زرداری صاحب کیچڑ اچھالنے اور تاریخ کو مسخ کرنے سے گریز کریں،زرداری صاحب اتنے ہی بھولے اور معصوم تھے کہ میرے ورغلانے میں آ گئے۔انہوں نے کہا کہ زرداری کو اینٹ سے اینٹ بجانے والے بیان پر اسی دن ناپسندیدگی کا پیغام بھیجا، اسی بیان پر زرداری سے طے شدہ ملاقات منسوخ کی۔مشرف سے اختلافات کا یہ مطلب نہیں کہ ادارے کی اینٹ سے اینٹ بجا نے کی بات کی جائے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کو یاد ہونا چاہیے کہ وہ ایک بڑے قومی سیاستدان کے ہمراہ رائیونڈ میرے پاس آئے تھے، انہوں نے اصرار کیا تھا کہ مشرف کے تمام اقدامات کی پارلیمانی توثیق کردی جائے لیکن میں نے ایسا کرنے سے انکار کیا تھا۔ نوازشریف نے کہا کہ اس وقت زرداری صاحب نے کیوں نہیں بتایا کہ انہیں یہ پٹی میں نے پڑھائی؟ آج تین سال بعد زرداری صاحب کو سچ بولنے کا خیال کہاں سے آگیا؟۔ان کا کہنا تھاکہ زرداری صاحب نے یہ بتایا کہ وہ میرے اشاروں پرچل رہے تھے، اب وہ قوم کو آج یہ بھی بتادیں کہ وہ کس کی کٹھ پتلی ہیں، وہ کل میری زبان بول رہے تھے تو آج کس کی زبان بول رہے ہیں، بہتر ہوگا کہ آصف زرداری ذاتی الزام تراشیوں کا دفتر نہ کھولیں اور اپنی توجہ انتخابات پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کی جماعت دیہی سندھ تک سکڑ چکی ہے، وہ نوشتہ دیوار پڑھنے کی کوشش کریں۔