نقیب قتل کیس؛ مرکزی ملزم راؤ انوار بیمار پڑگئے،عدالت میں پیش نہ ہوئے

کراچی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر ڈی ایس پی قمراحمد سمیت 11 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم سابق ایس ایس پی راؤ انوار کی پیش نہیں کیا جاسکا۔جیل حکام کی جانب سے راؤ انوار کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ راؤ انوار کو کئی بیماریاں لاحق ہیں، ان کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر بڑھا ہوا ہے جس کے باعث ان کی طبعیت ناساز ہیں اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔جیل حکام کی جانب سےمیڈیکل رپورٹ پیش کیے جانے پر مدعی مقدمہ کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر راؤ انوار کو بغیر ہتھکڑی کے پروٹوکول کے ساتھ پیش کیا گیا اور وہ ہشاش بشاش تھے۔مدعی مقدمہ کے اعتراض پر عدالت نے جیل حکام کو حکم دیاکہ راؤ انوار کو آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے، اگر وہ پیش نہ ہوئے تو جس ڈاکٹر نے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنایا اسے بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں فوری طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ کیس کے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے آگاہ کیا جائے۔پولیس کی جانب سے کیس کے حتمی چالان کی مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔