اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ فاٹا میں رواں سال اکتوبر سے قبل ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت اور انہیں اعتماد میں لے کر فاٹا کو اسی ماہ قومی دھارے میں شامل کرنے کا عمل مکمل کرلیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا میں امن کے لیے مسلح افواج اور مقامی لوگوں نے بڑی قربانیاں دیں اور اب ضروری ہے کہ قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے نظام کو بڑھا دیا گیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے آج کچھ فیصلے کیے گئے ہیں اور ان فیصلوں پر عملدرآمد کے ٹائم فریم کا تعین قومی رہنمائوں سے مشاورت سے طے کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیصلوں پر عملدرآمد اسی دور حکومت میں ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات مقامی عوام کی ضرورت ہے اور فاٹا اصلاحات کا نفاذ سب کی خواہش ہے اس لیے چاہتے ہیں تمام جماعتیں متحد ہوکر فاٹا اصلاحات کو مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لیے ایجنسی ڈویلپمنٹ فنڈ ختم کر دیا ہے تاہم فاٹا کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر ترقی دینے کے لیے فنڈز دستیاب کیے جائیں گے اور 10 سالوں میں ایک ہزار ارب روپے فاٹا کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔