قبائلی عوام نے فاٹا اصلاحات کے بارے میں حکومتی اعلان کو خوش آئند قرار دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے فاٹا اصلاحاتی عمل کو ایک ماہ میں مکمل کرنے کے اعلان اور فیصلے کو قبائلی عوام نے سراہا ہے اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ خیبر ایجنسی کے رہائشی محمد رفیق نے وزیراعظم کے بیان کو خوش آئند قرار دے دیا اور کہا کہ قبائلی عوام کی یہ دیرینہ خواہش ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، کیونکہ ضم کرنے سے فاٹا کے عوام ایف سی آر کے کالا قانون سے نجات پائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فاٹا کے عوام کے ساتھ اپنے وعدے پورا کررہی ہے اور اسی سال فاٹا میں مقامی انتخابات بھی منعقد ہوںگے جو قبائلی علاقوں کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریںگے۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی کے اور شہری فضل ربی نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو الگ صوبہ چاہیے کیونکہ یہاں پر بیش بہا قدرتی وسائل ہیں اور الگ صوبے کے قیام سے تمام قبائلی لوگ ان قدرتی وسائل سے مستفید ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ یہاں سے چالیس ایف سی آر کو ختم کیا جائے اور فاٹا کے لوگوں کو برابر کے حقوق دیئے جایئں۔