کراچی میں آج بھی سورج آگ برسائے گا،پارہ 44 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی سورج آگ برسائے گا، درجہ حرارت 44سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحر ہند اور بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤسے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا، جس سے سمندری ہوائیں بھی بند ہوئیں، درجہ حرارت میں اضافےکے باعث ہیٹ اسٹروک اور ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ صحت نے بھی ہیٹ ویوکا ریڈ الرٹ جاری کرکے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔کراچی کے علاوہ آج سندھ کے دیگر شہروں میں بھی شدید گرمی پڑے گی ،جبکہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔موسم کا حال بتانےوالوں کا کہناہے کہ فی الحال کراچی میں بارش کا امکان نہیں اور مون سون کا آغاز جولائی میں ہوگا۔