وہاڑی میں ڈی ایچ کیو اسپتال میں منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان مسلسل 5 سال سے تخریبی سیاست اور دھرنوں میں مصروف رہے، وہ دھرنوں سے نکلتے تو عوامی خدمت کا سوچتے، جھوٹے الزامات لگانا عمراں خان کی عادت ہے لیکن انہیں یہ پتہ نہیں الزامات سے قومیں نہیں بنتیں۔ الزامات تراشی ہمارا کلچر بن چکا ہے، اگر ایسا رہا تو نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افسران و وزراء کی شب و روز محنت سے پنجاب ترقی کر رہا ہے، صوبے میں صحت کا شاندار نظام بن چکا ہے، اسپتالوں میں سٹی اسکین مشینیں پہنچائی جارہی ہیں اور صوبے کے 13 اضلاع میں اسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کیلئے مشینیں موجود ہیں، دیہاتوں کے لئے ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا، مختلف اضلاع میں 9 میڈیکل موبائل ٹیمیں کام کر رہی ہیں، پنجاب میں یہ وہ انقلاب ہے جس پر حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کے پی، سندھ اور بلوچستان سے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرلیں تو واضح فرق نظر آئے گا، دیگر جماعتوں نے پانچ سال میں کیا کیا ؟ عملی طور پر صرف پنجاب میں کام ہوا اور کہیں نہیں ہوا، آصف زرداری 6 ارب سے سندھ میں اسپتال بنوا دیں شاید خدا معاف کردیں، ترقی و ترقیاتی منصوبوں کے دعویدار اور 11 نکات بتانے والے خیبرپختون خوا میں اپنی کارکردگی بتائیں، انہوں نے اسپتالوں میں فضلے تلف کرنے والی، ہیپاٹائٹس مشینیں اور کتنی لیبز بنائیں؟ کے پی حکومت اور عمران خان نے 5سال صرف الزامات کی سیاست کی۔