ایم کیو ایم آج ٹنکی گراؤنڈ میںسیاسی پاور شوکرئے گی،جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پی آئی بی اور بہادر آباد نے پیپلز پارٹی کے جلسے کا جواب دینے کیلئے آج کراچی میںبھرپور سیاسی پاور شو کرنے کا اعلان کیا ہے،جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔جلسہ گاہ میں اسٹیج اور کرسیاں لگا دی گئیں ہیں اور روشنی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد گروپ) کے رہنما عامر خان نے ٹنکی گراؤنڈ کا دورہ کیا اور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آج کے جلسے سے جواب مل جائے گا۔عامر خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم آئندہ عام انتخابات میں اپنی نشستوں پر کامیاب ہوگی۔اس سے قبل گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان (پی آئی بی گروپ) کے رہنما فاروق ستار ریلی کی صورت میں ٹنکی گراؤنڈ پہنچے، جہاں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹنکی گراؤنڈ میں کرائے کے لوگوں اور سرکاری ملازمین کو لاکر جلسہ کرکے ہمیں چیلنج کیا گیا، اب اس چیلج کا جواب دیں گے۔ایم کیو ایم (بہادرآباد گروپ) کے رہنما خالد مقبول صدیقی بھی ٹنکی گراؤند پہنچے، جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جو لوگ اصولوں کی بنیاد پر کھڑے ہوے، وہ بار بار کھڑے ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کا مشکل وقت ختم ہو گیا، اب 35 سال والوں کا مینڈیٹ مزید مضبوط ہوگا۔