لال شہباز قلندر عرس: گرمی سےدوروز میں 9زائرین جاں بحق

سیہون میں لال شہباز قلندر کے سالانہ عرس کا آج دوسرا روز ہے اور شدید گرمی کے باعث آج مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ایدھی سینٹر کے مطابق آج گرمی سے ہلاک ہونے والوں کا تعلق کراچی اور جھنگ سے ہے۔ انچارج ایدھی سینٹر معراج محمد کے مطابق گزشتہ 2 روز سے جاری حضرت لال شہباز قلندر کے عرس میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہوگئے، 3 لاوارث لاشوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ہے جب کہ جاں بحق ہونے والے دیگر 6 افراد کا تعلق ملتان، فیصل آباد، جھنگ، وہاڑی، بھاولپور اور سمندری سے ہے۔خیال رہے کہ ایک اندازے کے مطابق عرس میں اس سال بیس لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے جبکہ عرس کی تقریبات آٹھ مئی تک جاری رہیں گی۔سیہون میں شدید گرمی سے بچاو کیلئے زائرین کیلئے محکمہ اوقاف اور حکومت سندھ کی جانب سے ہیٹ اسٹروک کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔