وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ -2گولیاں لگنے سے زخمی-حملہ آور گرفتار

ناروال:مسلم لیگ ن کے رہنمااور وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، احسن اقبال کارنر میٹنگ میں شریک تھےاور میٹنگ کے بعد جیسے ہی احسن اقبال گاڑی کی طرف آرہے تھے تو مجمع میں شریک ایک مسلح شخص نے پستول سے ان پر فائرنگ کردی،احسن اقبال کو زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں احسن اقبال کا آپریشن کیا گیا۔وزیر داخلہ کے بازو میں دو گولیاں لگی ہیں جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔ واقعہ نارووال کے علاقے قصبہ کنجروڑ میں پیش آیا۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ احسن اقبال پر فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرکےنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہےاور ملزم کے قبضے سے پستول بھی برآمد کرلی ہے،پولیس کے مطابق ملزم کا نام عابد حسین ہے اور اس کی عمر 21 سال ہے۔ ڈی پی او کے مطابق گولی احسن اقبال کے دائیں بازو میں لگی، ملزم نے 30 بور کے پستول سے فائرنگ کی۔احسن اقبال کے بھتیجے ایم پی اےرانا منان نے کہاکہ احسن اقبال پر تقریب سے واپسی پر حملہ ہوا حملہ آور نے دو گولیاں فائر کیں جس میں سے ایک گولی بازو میں لگی، انہوںنے مزید کہاکہ احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ مزید چیک اپ کیلئے انہیں اب لاہور کے اسپتال میں شفٹ کرنے کے لیے لے جارہے ہیں۔ وزیر پنجاب لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی آگاہی لے رہے ہیں، انہوں نے ہیلی کاپٹر روانہ کردیا ہے احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اسی ضمن میں احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال نے بھی تصدیق کی ہے کہ والد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔