وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج

نارووال: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ مقامی تھانہ شاہ غریب میں درج کیا گیا ہے جس میں ایک ملزم عابد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ نمبر 73/18 اے ایس آئی اسحاق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل، دہشتگردی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق وفاقی وزیرپرفائرنگ نارروال میں جلسہ ختم ہونے پرکیا گیا، احسن اقبال پرقتل کی نیت سے 30 بورسے سیدھا فائرکیا گیا، واقع کے بعد موقع پربھگدڑمچ گئی جب کہ ملزم اسلحہ سمیت موقع سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روزنارروال کے علاقے کنجروڑ میں ملزم عابد حسین نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر دو گولیاں چلائیں جس کے باعث احسن اقبال زخمی ہوگئے ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔