ایف آئی اے کااصغرخان کیس میں اسلم بیگ اور اسد درانی کو دوبارہ بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اصغر خان کیس میں سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ اور خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کو پوچھ گچھ کے لیے دوبارہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق اسلم بیگ اور اسد درانی سے 1990 کے انتخابات میں نواز شریف سمیت 35 سیاستدانوں اور صحافیوں کو ادا کی گئی رقم سے متعلق ثبوت مانگے جائیں گے۔ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نئی کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اس اقدام سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی مدنظر رکھے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کی سماعت کے دوران اسلم بیگ اور اسد درانی کی نظرثانی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمدر سے متعلق ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ ڈی جی ایف آئی اے بتائیں کہ انہوں نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے کیا اقدامات کیے۔