تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان معاہدہ طےپاگیا

ٍ
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب محاذ کے درمیان انضمام کا معاہدہ طے پاگیا،معاہدے کے تحت جنوبی پنجاب صوبہ محاذ تحریک انصاف میں ضم ہوگئی ،جبکہ طے ہونے والے معاہدے کے مطابق جیسے ہی پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی وہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی پابند ہوگی۔عمران خان اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی جانب سے خسرو بختیار نے معاہدے پر دستخط کردیے۔مشترکہ پریس کانفرنس کرتےہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں احساس محرومی بڑھتی جارہی ہے، لاہور میرا شہر ہے جہاں پنجاب کا 53 یا 55 فیصد ترقیاتی بجٹ لگتا ہے، مجھے خوش ہونا چاہیے لیکن اس سے لاہور کے قریبی شہر شیخوپورہ، قصور اور دیگر ترقی سے رہ جاتے ہیں، یہی احساس محرومی جنوبی پنجاب میں ہے۔عمران خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اقتدار میں آئی، وہاں لوگوں کو گیس اور پانی کا پورا حصہ نہیں ملتا، باہر سے جو سرمایہ کاری آتی ہے تو وفاق اسے ہونے نہیں دیتا، اس عمل سے احساس محرومی پیدا ہوتی ہے۔فاٹا سے متعلق بات کرتےہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھاکہ فاٹا کا انضمام بھی بہت ضروری ہے اور وہ آسان نہیں لیکن اس کے لیے ہم کوشش کریں گے۔جبکہ جنوبی پنجاب محاذ کے رہنما خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان کو چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں سب سے پہلے اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان کی اکائیوں میں توازن کا ہونا ضروری ہے۔خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ بہت سی ناانصافیاں ہوتی رہیں تاہم تحریک انصاف نے یقین دلایا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد 100 روز کے اندر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے۔