اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس میں 12 مئی کو کراچی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئر لائنز کے سی ای او کو طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایئر لائنز کے ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ڈائریکٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عدالت کو بتایا کہ 24 پائلٹس کی ڈگری جعلی ثابت ہوئی ہیں ۔ کافی ملازمین ایسے ہیں جن کی ڈگری جعلی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ائیر بلیو کے چیف ایگزیکٹو کون ہیں؟ ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے جواب میں بتایا کہ نجی ایئرلائن کے مالک شاہد خاقان عباسی ہیں۔ جس پر ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کی حیثیت سے شاہد خاقان عباسی کو بلا لیتے ہیں بطور وزیراعظم نہ آئیں۔ سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی آئی اے ،سی ای او سرین اور سی ای او ایئر بلیو کو سمن جاری کر دیئے۔ عدالت نے 12مئی کوکراچی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئرلائنزکے سی ای او کو طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایئرلائنزکے چیف ایگزیکٹوز ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اس معاملے کی وضاحت کریں۔