وزارت خارجہ کے اسٹریٹیجک کنٹرول ڈویژن کی جانب سے’اسٹریٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول کا حال اور مستقبل‘ کے عنوان کے تحت ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی میں شمولیت کے لیے این ایس جی کی جانب سے مقررکی گئیں تمام غیر امتیازی اور یکساں طور پر نافذالعمل شرائط پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان کے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ این ایس جی کی رکنیت کے لیے قائم شدہ اصولوں اور روایات سے ہٹ کر کسی ملک کو رعایت فراہم کرنا عالمی جوہری عدم پھیلاؤ کے مقصد کو نقصان پہنچائے گا۔تہمینہ جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی طور پر جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں میں سنجیدہ ہے۔