ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کے لیے پاکستانی سفیر ڈاکٹر توقیر شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی تجارتی تنطیم کے تحت قائم 41 ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کے بلاک میں شمولیت اختیار کرلی جس کا مقصد عالمی خوشحالی و ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ایک کثیرالجہتی تجارتی نظام کو فروغ دینا ہے۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان نے کثیرالجہتی نظام کے تحت قائم اس گروپ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور پاکستان اس کے بانی ارکان میں شامل ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اصولوں پر مبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ڈاکٹر توقیر شاہ نے کہا کہ تمام ارکان کی جانب سے 2017 میں عالمی تجارتی نظام کی بحالی کا خیر مقدم کیا گیا، جس میں تمام ممالک نے حصہ لیا اور ڈبلیو ٹی او کے بارے میں کی گئی آئندہ 2 سالہ پیش گوئی میں اس کی حوصلہ افزائی بھی کی۔