سندھ کا 11 کھرب 44 ارب 44 کروڑ8 لاکھ روپےکا بجٹ پیش

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مالی سال 19-2018 کے لئے 11 کھرب 44 ارب 44 کروڑ 8 لاکھ روپے کا بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کردیا۔ذرائع کے مطابق بجٹ کا کل حجم 1120ارب روپے رکھا گیا ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلیے 282 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 202 ارب روپے رکھنے کی تجویزدی گئی ہے۔بجٹ میں امن و امان کے لئے 105 ارب روپے، پولیس کے لئے 90 ارب اور رینجرز کے لئے ساڑھے پانچ ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ محکمہ بلدیات کے لئے 72 ارب، تعلیم کے لئے 220 ارب اور صحت کے شعبے کے لئے 110 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویزدی گئی ہے جبکہ کراچی کے بجٹ میں جاری منصوبے کےفور کے لئے 4.2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔گریٹر سیورج پلان ایس تھری کے لئے3 ارب ، موبائل ہیلتھ کئیر یونٹ پراجیکٹ کے لیے ایک ارب 60 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔بجٹ میں جام صادق برج سے داؤد چورنگی کی سڑک کی مرمت کے لئے 1.3 ارب، لانڈھی اور کورنگی کی سڑکوں کی مرمت کے لیے1.3 ارب اور ٹیپوسلطان انٹرسیکشن پر فلائی اوور اور متصل سڑکوں کے لئے بھی 1.3ارب روپےمختص کیےگئے ہیں۔