پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندی لگادی

اسلام آباد: امریکی سفارتی پابندیوں کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندی لگادی ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق دیکھا جائے گا ، امریکی سفارتکاروں کو پاکستان میں نقل وحمل سے پہلے متعلقہ پاکستانی حکام سے اجازت لینا ہوگی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانےکی اپنی یا کرایے پر لی گئی گاڑیوں پر کالاشیشہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ زیراستعمال گاڑیوں پر اصلی نمبر پلیٹ لگانا لازمی ہوگا۔ امریکی سفارتخانےکی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرایے کی عمارتوں کے حصول اور تبدیلی کے لیے این او سی لینا ہوگا ، امریکی سفارتکاروں کے لئے بائیومیٹرک تصدیق کےبغیر فون سمز جاری نہیں کی جائیں گی۔واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کے سفارتی عملے پر پابندیاں لگائی ہیں جن کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے ، ان پابندیوں کے تحت پاکستانی سفارتی اہلکار سفارتخانے سے 25 میل کے فاصلے کے اندر رہیں گے اور اگر اُنہیں 25 میل سے باہر جانا ہو تو امریکی محکمہ خارجہ سے خصوصی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔