اہل کراچی عمران خان کی شکل میں ایک اورمتحدہ قائد برداشت نہیں کرینگے،بلاول

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک اور ایم کیوایم ہے اور کراچی والے عمران خان کی صورت ایک اور بانی متحدہ کو برداشت نہیں کریں گے۔باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف نے کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی ۔ہم نے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے۔ ایک طرف پی ٹی آئی نے مزار قائد پر جلسے کا اعلان کیا لیکن حکیم سعید گراؤنڈ میں کیمپ لگا لیا ۔پی ٹی آئی والوں نے ہمارے ٹرک بھی جلائے ۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہمارے کارکنوں پر پتھراؤ کیا ۔ایک بار پھر 12 مئی کی یاد میں مشرف کے حواریوں نے ہم پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین لیاقت آباد کا ٹنکی گراؤنڈ بھی نہ بھر سکے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میری عمر پر نہ جائیں ۔ میں 3 نسلوں کی کامیاب سیاست کا نچوڑ ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں جاگ مہاجر کا نعرہ لگایا گیا لیکن کراچی کے شہریوں کو لاشیں ملیں ، گھروں سے جنازے اٹھے ۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 12 مئی 2007 کو آزاد عدلیہ کی جدو جہد میں پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ہوئے۔ 12 مئی 2007 کو پیدا ہونے والی صورت حال کا ذمہ دار اس وقت کا صوبائی وزیر داخلہ تھا جو آج میئر کراچی ہے۔ ایم کیو ایم والے کراچی والوں کو لسانیت کے نام پر دھوکے میں رکھ کر حکومت کرتے آ رہے ہیں اور آئندہ بھی حکومت کرنا چاہتے ہیں۔