سانحہ 12مئی کےگواہ وکلا اور خود جج صاحبان بھی ہیں-شاہی سید

 

کراچی : عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سیدنےکہاہے کہ عدلیہ تو بحال ہوگئی لیکن 12 مئی کے شہدا کو انصاف نہ مل سکا۔کراچی کے علاقے بنارس کالونی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہی سید کا کہنا تھا کہ 12مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ باب اور دکھ کا دن ہے۔12مئی کے واقعات کے گواہ وکلا اور خود جج صاحبان بھی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ 10 سال سے حکومت میں رہنے والی پیپلزپارٹی انصاف کس سے مانگ رہی ہے؟ پی پی نے 12 مئی کے شہدا کے لیے کچھ نہیں کیا۔شاہی سید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 12 مئی 2007 میں نہیں تھی لیکن آج وہ بھی تعزیتی جلسہ کررہی ہے، تعزیتی جلسوں میں ناچ گانے ہورہے ہیں یہ شہدا سے کیسی یکجہتی ہے۔ 12 مئی 2007 میں تحریک انصاف کا ایک زخمی بھی نہیں لیکن الیکشن کا سال ہے تو 12 مئی ان کو بھی نظر آیا ہے۔شاہی سید نے کہا کہ کراچی نے بہت خون دیکھا اور تکلیف اٹھائی لہٰذا پہلے کراچی میں اردو بولنے والے شہدا کے قتل کی انکوائری کی جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے انصاف کی اپیل کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ 12 مئی 2007 کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔