نواز پاکستان کے خلاف بھارت کے سلطانی گواہ بن گئے-طاہرالقادری

 

لاہور :عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان سے دہشت گرد بھارت بھیجے جانے کے انتہائی گھناؤنے اور سنگین الزام پر نواز شریف 24 گھنٹے کے اندر وضاحت پیش کریں ورنہ قوم کا یہ شک کامل یقین میں تبدیل ہوجائے گا کہ نااہل نواز شریف پاکستان کے خلاف بھارت کے سلطانی گواہ بن چکے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 3 بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کے حوالے سے ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان پر الزام نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، یہ ریاست کے خلاف اعلانیہ بغاوت اور بھارتی بیانیہ ہے ،اس کی مکمل چھان بین ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سے قبل بھی یہ بات قوم کے روبرو پیش کر چکے ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جاتی امرا کی نجی تقریب میں آنا،جندال کا بغیر کسی پیشگی اطلاع کےنوازشریف سے ون ٹو ون ملاقات کرنا ، پاکستان کوتوڑنے کے ایجنڈے پر کام کرنیوالے کل بھوشن کی گرفتاری پر مذمت نہ کرنااور گزشتہ 5 برسوں میں 70برسوں سے زیادہ کنڑول لائن پر حملے ہونا بلاجواز نہیں ہے،بھارت دہشت گرد بھیجے جانے کے گھناؤنے الزام کے بعد اس امر میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ نااہل نواز شریف کرپٹ ہی نہیں سیکورٹی رسک بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی الزام تراشی کی صداقت جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کیا جائے،بھارت میں دہشت گرد بھیجنے کا الزام دہشت گردی کی جنگ اور 70ہزار سے زائد قربانیوں سے غداری ہے۔