پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں منعقدہ جلسے سے اپنے خطاب میں شہر قائد کو عظیم شہر بنانے کے لیے 10نکات کا اعلان بھی کیا اور کہا وہ کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔
پہلا نکتہ: کراچی کا پانی کا مسئلہ حل کریں گے۔
کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے، یہاں پانی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کی گئی یہاں پانی مافیا بیٹھا ہوا ہے جن کی پشت پر لیڈر شپ ہے، کراچی سمیت تمام شہروں میں میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے اور ایسے شخص کو آگے لائیں گے جسے انتظام چلانے کا بڑا تجربہ ہوگا جو پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے دنیا بھر سے ماہرین بلائے گا اور منصوبہ بندی کرے گا، اسی لیے میں کراچی سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔
دوسرا نکتہ: سرکاری اسکولوں کی بہتری۔
عمران خان نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا برا حال ہے، غریب لوگ بھی اپنے بچے پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجنے پر مجبور ہیں، یہاں اسکولوں کا نظام ٹھیک کریں گے۔
تیسرا نکتہ: سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے۔
پختون خوا میں ہم سرکاری اسپتالوں کو شوکت خانم اسپتال کی طرح چلا رہے ہیں، وہ اسپتال جو 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرے اسے بہترین اسپتال کا سرٹیفکیٹ ملتا ہے، کراچی کے سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے۔
چوتھا نکتہ: پولیس کے نظام میں بہتری۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں پولیس کا نظام بہت خراب ہے سیکڑوں لوگوں کو مارنے والے پولیس افسر راؤ انوار کی آصف زرداری تعریف کرتا ہے، کراچی کو راؤ انوار جیسے پولیس آفیسر سے نجات دلائیں گے، ہم الیکشن جیت کر پولیس کا سسٹم بہتر کریں گے اور شہر کو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پانچواں نکتہ: کاروباری سرگرمیوں کی بحالی۔
کراچی کے تاجروں کی بھرپور مدد کریں گے، بیرون ممالک سے یہاں سرمایہ کاری اور کاروبار لے کر آئیں گے تاکہ روزگار ملے اس معاملے میں منصوبہ بندی جاری ہے۔
چھٹا نکتہ: بجلی کے مسئلے کا حل۔
بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، کراچی کو سستی بجلی دلائیں گے، بجل کی چوری کا خاتمہ کریں گے۔
ساتواں نکتہ: کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی۔
ہمارے 65 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر ہیں، یہاں کھیلوں کے لیے گراؤنڈ نہیں ہیں، کے پی کے میں 100 نئے گراؤنڈ بنائے ہیں اور مزید بنا رہے ہیں کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے یہاں گراؤنڈ بنانے کے ساتھ ساتھ پارکس بھی بنائیں گے۔
آٹھواں نکتہ: کراچی میں درخت لگائیں گے ۔
دنیا میں گلوبل وارمنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ہم نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں درخت لگائیں گے، سیوریج کا پانی سمندر میں چھوڑا جارہا ہے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے تاکہ پانی ری سائیکل ہوسکے۔
نواں نکتہ: سرکلر ریلوے کی بحالی۔
کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے، یہاں سرکلر ریلوے بحال کریں گے تاکہ یہ مسئلہ حل ہوسکے۔
دسواں نکتہ: روزگار کی فراہمی۔
بے روزگاری ایک بیماری ہے نوجوانوں کو روزگار کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے انہیں سستے قرضے دیں گے اور نوکریاں پیدا کریں گے، نچلے طبقے کو روزگار دینے کے لیے جامع پالیسی بنائیں گے۔