اسلام آباد: پنجاب وخیبرپختونخوا میں بارش و حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد، فاٹااورکشمیر میں بارش کا امکان ہے۔ جبکہ پشاور، مردان، کوہاٹ، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔کل مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، پشاور، مردان ڈویژن، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، کوئٹہ، قلات، ژوب ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چندمقامات پر بارش کا امکان ہے۔ باجوڑ ایجنسی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں برسات کے باعث مختلف مقامات پر کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں ، ملبے تلے دب کر 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ پارا چنار میں دس روز سے بارش اور کوہ سفید پر ژالہ باری سے درجہ حرارت کم ہوگیا ہےجبکہ نوشہرہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ سوات میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بھکر میں کچے مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ لاہور میں آندھی کے بعد بوندا باندی ہوئی جبکہ گوجرانوالہ، چیچہ وطنی ،حافظ آباد اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ گوجرانوالہ میں آندھی کے باعث 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کر جانے کے بعد لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔