اولمپئین منصور احمد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

 

کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان منصور احمد کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ادا کی جائیگی۔ سابق اولمپئین اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان و گول کیپر منصور احمد دل کے عارضے میں مبتلا تھے جو گزشتہ روز انتقال کر گئے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔ منصور احمد کے انتقال پر اصلاح الدین، سابق ہاکی کپتان سمیع اللہ اور شہباز سینئر سمیت ہاکی سے وابستہ دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ سابق اولمپیئن رشید الحسن نے منصور احمد کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے قوم ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی۔