وادی نیلم کے مقام پر پل ٹوٹنے سے 25 سے زائد سیاح ڈوب گئے

مظفر آباد : وادی نیلم کے مقام پر پہاڑی نالے کے اوپر بنایا گیا پل سیاحوں کے رش کے باعث ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 25 سے زائد افراد تیز رفتار نالے میں بہہ گئے، جن میں سے اب تک 5 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ باقی کی تلاش جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پہاڑی نالے جاگراں کے اوپر بنے کنڈل شاہی پل پر کثیر تعداد میں سیاح موجود تھے ، وزن زیادہ ہونے کے باعث پل ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 25 سے زائد سیاح نالے میں گر گئے۔ ڈوبنے والے پانچوں افراد فیصل آباد کے نجی کالج کے طالب علم تھے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ 6 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے جب کہ باقی لاپتہ سیاحوں کی تلاش کے لیے امدادی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ دریا کا بہاؤ انتہائی تیز ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نالہ بہت تیزاور ٹھنڈا ہے جس کے باعث ہلاکتوںکا بھی خدشہ ہے۔ واقعہ پیش آنے کے فوری بعد حکام کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر نیلم کو ٹیلی فون کیا اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی جب کہ انہوں نے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کرلی۔