آزاد کشمیر: آئی ایس پی آر کے مطابق وادی نیلم میں نالہ جاگراں کے مقام میں پل ٹوٹنے سے ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 4 افرد کی لاشیں اور 11 زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شاہ کوٹ سے مظفر آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹرزاور ایس ایس ایس جی کے غوطہ خور جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اورآرمی کے جوان، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وادی نیلم میں پل گرنے کے واقعہ میں معصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور آرمی کے جوانوں کو ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں سول انتظامیہ کی ہر ممکن معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔