کراچی : سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نےکہاکہ نواز شریف کے بیان کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پراورخطے میں ناکامی کاہدف بنایاجارہاہے،انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ سابق وزیراعظم اپنے بیان پر کوئی وضاحت پیش کریں گے۔کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمرا ہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحما ن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان کا بیانیہ کمپرومائز کرنے کی کوشش کی،نواز شریف نے مودی کے بیان پر ٹھپا لگادیا ہے ،پیپلز پارٹی ن لیگ کے قائد کا بیان مسترد کرتی ہے ،انہوںنے کہاکہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے کسی ایک ملک کی ذمے د اری نہیں،پاکستان دہشت گردی کے خلاف اس وقت اکیلاجنگ لڑرہاہے،ہماری مسلح افواج،لاانفورسمنٹ ایجنسیزاورشہریوں نے قربانیاں دی ہیں،ہم پاکستان کے وقار کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔امید ہے وہ اپنا بیان واپس لیں گے اوراس پر اپنی وضاحت دیں گے،دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی جنگ میں زہر گھولنا برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی ملکی وقار پر حرف آنے دیں گے ۔شیر ی رحمان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے موقف پر کوئی دو رائے نہیں انہوں نے ممبئی ٹرائل کی بات کی جس کی تائید کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ممبئی ٹرائل مکمل کرنے کی کوشش میں پیش پیش رہاہے،پاکستان نے ممبئی حملوں پر 2008سے تواتر سے تعاون کیا۔سینیٹر شیری رحمان کا کہناتھاکہ وزیر خارجہ کی مستقل عدم موجودگی عوام کیلیے بہت بڑا المیہ ہے، اس کی تعیناتی سے ہمیں فائدہ نہیں ہے،واشنگٹن،ماسکو،اقوام متحدہ سے مر اسلے کون دیکھ رہاہوتاہے؟جلد ہی کوئی مستقل طور پروزیر خارجہ لگایا جائے۔