راولپنڈی: دہشت گردی کے پیش نظر پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان سے 2 خودکش حملہ آوروں کو مہمند ایجنسی کے راستے پاکستان بھیجا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھریٹ الرٹ کے عنوان سے ریجنل پولیس آفس کی جانب سے راولپنڈی سمیت چاروں اضلاع اورمتعلقہ پولیس افسران کو مراسلے جاری کئے ہیں جس کے متن میں بتایا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ 2خودکش حملہ آوروں کوافغانستان میں جے یو اے نامی تنظیم کے چکنور کیمپ سے مہمندایجنسی کے راستے بھیجا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان ہیں اور مذکورہ کیمپ کو جناتی ملاح چلاتا ہے۔ حملے کی منصوبہ بندی جے یو اے جماعت الحرار کے ڈاکڑ سنگین نامی کمانڈر نے کی ہے، ممکنہ ٹارگٹ لاہور ہوسکتا ہے۔ مذکورہ حساس تنصیبات سمیت ضلع کچہری اور سیاسی جماعت کے عوامی اجتماع بھی نشانہ ہوسکتے ہیں۔