پنجاب کی خواتین میں 700 موٹرسائیکلیں تقسیم کردی گئیں
پیر 14 مئی 2018, 3:42 شام
اہم خبریں, قومی
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے اسٹریٹجک ریفارمز یونٹس ایس آر یو کے منصوبے وومن آن وہیلز کے تحت خواتین میں 700 موٹرسائیکلیں تقسیم کردی گئیں۔ اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وزیر پنجاب ایکسائز مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے خواتین کو چابیاں دیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس پروگرام کو پنجاب کے 5 اضلاع میں شروع کیا گیا تھا لیکن اب اسے تمام 36 اضلاع تک پھیلانے کا ارداہ ہے تاکہ معاشرے میں خواتین کے موٹرسائیکل چلانے کے رجحان کو عام کیا جاسکے۔ ملک جب ہی ترقی کرے گا جب خواتین بااختیار اور بہادر ہوں گی اور وہ اپنے خلاف ہونے والے اقدام کو روکنے کے لیے تیار ہوں گی۔انہوں نےکہا کہ اس منصوبے کے تحت خواتین سبسیڈائزڈ ریٹس پر موٹر سائیکل خرید سکیں گی اور اس میں ٹریفک پولیس کا تعاون بھی حاصل ہے جو ان خواتین کو موٹرسائیکل چلانے کی تربیت فراہم کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت خواتین 25 ہزار روپے میں موٹر سائیکل خریدنے کے قابل ہوں گی، پہلے مرحلے میں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور ملتان میں 3 ہزار خواتین کو موٹرسائیکلیں فراہم کی جائیں گی جبکہ ان موٹرسائیکلوں کو خاص طور پر خواتین کیلئے اٹلس ہونڈا کمپنی سے تیار کرایا گیا ہے۔