کراچی: سابق وزیراعظم نواز شریف کے قومی سلامتی اور ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان پر سندھ اسمبلی نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد مشترکہ طور پر حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی۔ قرارداد پر پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ فنکشنل، تحریک انصاف اور پی ایس پی ارکان نے دستخط کئے۔قرارداد میں کہا گیا کہ نواز شریف کا بیان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والوں کی قربانیوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، نوازشریف نے آئینِ پاکستان کے ساتھ حلف کی خلاف ورزی کی، نوازشریف کا غیرذمہ دارانہ بیان ملکی سلامتی و خود مختاری پر کاری ضرب ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا پورا ایوان نوازشریف کے بیان کی مذمت کرتا ہے، نوازشریف اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔