جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے تحریک انصاف کی عملدرآمدکمیٹی قائم

اسلام آباد:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے عملدرآمد کمیٹی تشکیل دے دی۔تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق میر بلخ شیر مزاری کو 6 رکنی کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی، خسرو بختیار اور طاہر بشیر چیمہ شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے ٹی او آرز بھی طے کیے گئے ہیں جس کے مطابق کمیٹی جنوبی پنجاب صوبہ بنانےکے لیے تمام مطلوبہ اقدامات اور پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی جنوبی صوبے کے معاملے میں رہنمائی اور حکمت عملی بنانے کے لیے ماہر کی خدمات حاصل کر سکے گی۔ کمیٹی 100 دن کے اندر جنوبی صوبے کے قیام کے حوالے سے عملدرآمد پلان تحریک انصاف کے چیئر مین کو پیش کرے گی۔