کراچی کو پانی فراہم کرنے والی کینجھرجھیل کی سطح میں کمی، قلت آب کا خدشہ

ٹھٹھہ میں واقع کینجھرجھیل میں پانی کی سطح میں تیزی سےکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ آبپاشی کے حکام کا کہنا ہے کہ کینجھر جھیل میں پانی کی سطح میں کمی کے باعث کراچی میں پانی کی قلت ہوسکتی ہے۔حکام محکمہ آبپاشی نے مزید بتایا کہ کینجھر جھیل میں پانی کی آمدکم اور اخراج زیادہ ہے،جھیل میں پانی کی سطح 46فٹ رہ گئی ہے۔حکام کے مطابق کینجھر جھیل کی سطح 44فٹ ہوگئی تو کراچی شہر کو جھیل سے پانی کی فراہمی بند ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ ٹھٹھہ میں واقع کینجھر جھیل جسے کلری جھیل بھی کہا جاتا ہے ناصرف کراچی کو پانی کی فراہمی کا بہت بڑا ذریعہ ہے بلکہ شہر قائد کے مکینوں کی تفریح کے حوالے سے بھی اہم مقام ہے۔گرمیوں میں ہزاروں شہری روزانہ تفریح کے لیے کینجھر جھیل کا رخ کرتے ہیں۔