وادی نیلم حادثے میں 7افراد جاں بحق۔ مزید لاشوں کی تلاش کا کام جاری

وادی نیلم میں پل ٹوٹنے کے باعث پیش آنے والے حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک تین خواتین سمیت سات افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ جبکہ لاپتہ 5 افراد کی تلاش کا کام تیسرے روز بھی جاری ہے۔دوسری جانب نالہ جاگراں کے پانی کا رخ کنڈل شاہی پن بجلی پروجیکٹ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔واضح رہے سیاح جاگراں پل پر کھڑے ہو کر تصاویر بنا رہے تھے کہ اچانک پل گرگیا تھا۔اس پل پر سے بیک وقت زیادہ سے زیادہ چار افراد گذر سکتے تھے لیکن حادثے کے وقت اس پر تین تفریحی گروہوں کے لگ بھگ بیس سے بائیس افراد موجود تھے جن میں اکثریت طلبہ کی تھی۔پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے 12 طلبا و طالبات اس میں بہہ گئے جبکہ بارہ زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے بچا لیا گیا۔