نوازشریف بتائیں اس بیان کی ضرورت کیا تھی؟ شاہ محمود

 

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کو بدنام کرنےکا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے، ان کے بیان سے ہم گرے لسٹ سے بلیک لسٹ کی طرف جارہے ہیں۔نوازشریف کہتے ہیں انہوں نے جو کہا ہے اس میں غلط کیا ہے، نوازشریف بتائیں اس بیان کی ضرورت کیا تھی؟ یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارتی میڈیا نے نوازشریف کے انٹرویو کو اچھالا، نوبت یہاں تک پہنچی کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانا پڑا، نواز شریف نے یہ اعلامیہ مسترد کردیا، کل سے پورے ملک میں ایک ہنگامہ ہے۔ نوازشریف کے بیان سے بھارت کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے، اس بیان پر حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہیں، دو دنوں سے نوازشریف کا متنازع بیان موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیان افسوسناک ہے، فضل الرحمان سمیت سب اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔