خیبر پختونخوا اسمبلی :نواز شریف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے قرارداد جمع

خیبر پختونخوا اسمبلی میں صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کی جانب سے قرارداد اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کے پاس جمع کرائی گئی۔ قراداد کے متن کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ملکی مفاد کے خلاف انگریزی اخبار کودئیے گئے انٹرویو کی مذمت کی گئی ہے، نواز شریف کا بیان ریاست سے غداری ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے وفاقی حکومت سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیانات کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر نشرواشاعت پر پابندی لگائے اور صوبائی اسمبلی نواز شریف کے خلاف تحقیقات کر کے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی سفارش کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے بھی نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔