اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید کے درمیان نوک جھوک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین قائمہ کمیٹی نے سوال کیا کہ پی ٹی وی پرہمیشہ نواز شریف اورمریم نواز کی تقاریر کیوں نشر ہوتی ہیں؟ اس پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عہدہ نہ رکھنے کے باوجود اوباما، ہیلری کلنٹن کو بھی لائیو دکھایا جاتا ہے، سابق برطانوی وزرائے اعظم کوبھی ٹی وی پر دکھایا جاتا ہے، فیصل جاوید نے کہا کہ شوکت عزیز اور ظفر اللہ جمالی بھی سابق وزیراعظم ہیں، انہیں بھی دکھا دیں۔ جس پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی دیگر نیوز چینلز کی طرح نواز شریف کی تقریر نشرکرتا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پی ٹی وی پر صرف وزیراعلیٰ پنجاب کی خبر کیوں نشر ہوتی ہے؟ مراد علی شاہ یا پرویز خٹک کی تقریر کیوں نشر نہیں ہوتی؟ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا آفس ان کی تقریر دکھانے کے لئے پی ٹی وی کو درخواست لکھتا ہے، مرادعلی شاہ بھی درخواست لکھیں تو ان کی تقریر بھی پی ٹی وی دکھائے گا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سرکاری ٹی وی ایک سیاسی جماعت کا چینل ہے، سرکاری ٹی وی پر اپوزیشن جماعتوں اور حکومت کو کتنا وقت دیا جاتا ہے؟ فیصل جاوید نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قراردادمنظور کر کے وزارت کوبھیج دے۔