مستونگ:بلوچستان کے ضلع مستونگ کے کیڈٹ کالج میں طالبعلموں پرتشدد اورمرغا بنا کرلاٹھی سے پٹائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد کالج کے پرنسپل کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ حکومت بلوچستان کے محکمہ کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے مطابق اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 3 دن میں تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل سیکریٹری کالجز اینڈ ہائرایجوکیشن حیات کاکڑ ہوں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر مستونگ اور ایس ایس پی مستونگ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ نوٹیفیکشن کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کالج کے پرنسپل، ذمہ دار اساتذہ اور متاثرہ طلبا کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کی مرتکب انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء پر تشدد کا رجحان برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام کیڈٹ کالجز میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔