پاکستان ریلویز نےمسافروں کیلئےرمضان پیکج کا اعلان کردیا

لاہور: پاکستان ریلویز نے تمام ٹرینوں پر یکم سے 20 رمضان المبارک تک کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔محکمہ ریلوے کے بیان کے مطابق وزیرِریلوے خواجہ سعدرفیق نے ریلوے مسافروں کے لئے خصوصی رمضان پیکچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کی تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پرکرایوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی اوراعلان کردہ خصوصی پیکج کا اطلاق یکم سے 20 رمضان المبارک تک ہوگا۔ رمضان المبارک کے اختتام تک موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرچکی ہوگی لہذٰا میری درخواست ہے کہ پاکستان ریلوے رمضان المبارک کے بعد عید کے دنوں میں بھی مسافروں کو خصوصی رعایت دے۔ سی ای او ریلویز عبدالحمید رازی کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے گزشتہ 5 برسوں میں 2 درجن سے زائد مواقع پر کرایوں میں رعایت کا اعلان کرچکا ہے اور یہ اعزاز صرف محکمہ ریلوے کو ہی حاصل ہے کہ جب نجی ٹرانسپورٹرز عیدین اور دیگر مواقع پر کرائے بڑھاتے ہیں محکمہ ریلوے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے کرایوں میں کمی کا اعلان کرتا ہے۔