نواز شریف بحیثیت وزیراعظم ذاتی کاروبارچلاتے رہے-مولا بخش چانڈیو

 

کراچی : پیپلزپارٹی کےرہنما مولانا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بن کرملکی معاملات نہیں ذاتی کاروبارچلاتے رہے۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مولانا بخش چانڈیو نے نوازشریف کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے آج خود ہی اعتراف جرم کرلیا ہے۔ نوازشریف نے اپنی ہی جماعت کی حکومت کوبھی چارج شیٹ کیا، وہ روزقوم سے مذاق کر رہے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہے تو ذمے دار نواز شریف ہیں، نوازشریف بتائیں 4 سال تک وزیر خارجہ کیوں نہ مقرر کیا۔مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت شریف خاندان کی لوٹی دولت بچانے میں لگی ہے، لیگی حکومت کی اندورنی معاملات پر توجہ ہے نہ خارجہ امور پر توجہ ہے۔ میاں صاحب کس سے گلہ کررہے ہیں، ملک کوتنہا انہوں نے خود کیا، جاتی امرا کے گرد گھومتی پالیسیوں نے وفاق کو بھی کمزور کیا۔