آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان-محکمہ موسمیات

 

کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کیے ہیں جبکہ کراچی میں رمضان کا پہلا ہفتہ گرم ہونے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات خالد محمود کے مطابق سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں مطلع صاف ہونے کے باعث چاند دکھائی دے گا، خیبر پختون اور اسلام آباد میں موسم ابرآلود ہوگا۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے چاند کی پیدائش 15 مئی کوشام 4 بج کر 49 منٹ پر ہو جائے گی، 16 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہوگی، آج کراچی میں غروب آفتاب 7 بج کر10منٹ پر ہوگا، چاند غروب آفتاب کے بعد 61 منٹ تک آسمان پر موجود رہے گا، رات 8بج کر 11منٹ پر یکم رمضان کا چاند غروب ہو جائے گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں رمضان کا پہلا ہفتہ گرم رہنے کا امکان ہے، پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔