کراچی: موسم گرما کے آتے ہی شہر قائد میں میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جو تاحال درست نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے بن قاسم پاور اسٹیشن کی مرمت کے لئے 20 مئی کی نئی تاریخ دے دی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بن قاسم پاور اسٹیشن کے خراب یونٹ کی بحالی کا کام جاری ہے، جس کے لئے پرزہ ہالینڈ سے لایا جارہا ہے۔ ترجمان کے مطابق 41 ٹن وزنی پرزہ ہوائی جہاز کے ذریعے آج کراچی پہنچے گا جبکہ پرزے کی تنصیب کے لئے بیرون ملک سے ماہرین بھی بلائے گئے ہیں، پرزے کی تنصیب کا عمل 20 مئی تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تمام امور کی نگرانی چیف جنریشن اینڈ ٹرانسمیشن افسر کر رہے ہیں۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے یونٹ کی بحالی سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔