مون سون سے قبل پانی کی صورتحال میں بہتری کا امکان نہیں:محکمہ موسمیات

 

ملک میں آبپاشی کے لئےپانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سے قبل پانی کی صورت حال میں بہتری کا کوئی امکان نہیں۔ خریف کی فصل کے لئے پانی کی صورت حال پر اسلام آباد میں ارسا ایڈوائزری کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ ترجمان ارسا کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ فصل خریف کے آغاز میں پانی کی قلت کا تخمینہ 31 فیصد لگایا گیا تھا مگر دریاؤں میں پانی کی آمد توقع سے 15 فیصد کم رہی۔ سندھ کو پانی کی قلت 53 فیصد اور پنجاب کو 47 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مون سون کا سلسلہ جون کے وسط میں متوقع ہے۔ واپڈا حکام نے بتایا کہ دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں برف بھی پچھلے برسوں کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہے۔ ترجمان ارسا کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے پنجاب کو پانی کی سپلائی 56 ہزار سے بڑھا کر 64 ہزار کیوسک اور سندھ کو 43 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 55 ہزار کیوسک کی گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کو 5 ہزار جبکہ خیبرپختونخوا کو 3100 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔