قومی اسمبلی میں اسرائیلی فوج کی فلسطین کے نہتے شہریوں پر حالیہ فائرنگ اور اسرائیلی تشدد کیخلاف اپوزیشن کی قرارداد کومتفقہ طور پر منظورکرلیاگیا۔ پاکستان کی قومی اسمبلی نے امریکی سفارتخانے کی القدس منتقلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم بند کرانے کے حوالے سے موثر اقدامات کیے جائیں۔پی ٹی آئی کی رہنماڈاکٹر شیریں مزاری نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں قرارداد پیش کی قراردادمیں کہاگیاہے کہ ایوان غزہ میں فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم‘ فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور امریکا کی طرف سے اپناسفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کی سخت مذمت کرتاہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کرتاہے کہ اس صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں اسرائیلی فوج کی حالیہ فائرنگ کے واقعہ پر گہری تشویش کااظہار کیاگیاہے۔قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔
دوسری جانب سینیٹ نے بھی اسرائیل کی مزمت اور فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اسرائیلی مظالم روکنے کیلیے کردار ادا کرنے کامطالبہ کردیا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ سینیٹ نے امریکاکے سفارتخانہ کی بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلہ کو مسترد کردیا۔ منگل کو سینٹ اجلاس میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نیاسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے قتل عام پر سینیٹ میں قرارداد پیش کی جس کو متفقہ طور پر سینیٹ نے پاس کیا۔