بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن: اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال

 

اسلام آباد: تربیلا پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، اسپتالوں میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ، متعدد مریضوں کے آپریشنز منسوخ کردیئے گئے۔ دوسری جانب نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میں مسافروں کی کاؤنٹرز پر لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ لاہور کے میو اسپتال میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے متعدد مریضوں کے آپریشنز منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔ گنگا رام اسپتال میں موبائل فون کی لائٹ سے کام لیا جا رہا ہے۔ جناح اسپتال کے جنریٹر کام کرنا چھوڑ چکے ہیں۔ اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔