کراچی: رمضان المبارک کی آمد ، ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر حکومت کی جانب سے ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی کے رمضان پیکج پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر فی کلو چینی 51 روپے میں دستیاب ہے جبکہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 56 روپے فی کلو ہے، دال چنا پر 25 روپے سبسڈی دی گئی ہے جس کے بعد یہ 95 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح دال مونگ 90، دال ماش 105، دال مسور 80 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں ان کی قیمت بالترتیب 115، 140 اور 115 ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر سفید چنے 140، بیسن 120، کھجور (آدھا کلو) 75 روپے فی پیکٹ، سپر باسمتی چاول 110 روپے، سیلا چاول 115 اور ٹوٹا چاول 63 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ چائے (950 گرام لپٹن) مارکیٹ میں 840 روپے فی پیکٹ میں دستیاب ہے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اس پر 84 روپے سبسڈی دی گئی ہے جس کے بعد 950 گرام لپٹن کا پیکٹ 756 روپے میں دستیاب ہے۔ ٹپال چائے کا 950 گرام کا پیکٹ 761 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جس پر 79 روپے سبسڈی دی گئی ہے۔ مصالحہ جات کی قیمتوں پر 10 فیصد، آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 80 روپے، گھی پر 15 اور کوکنگ آئل پر 10 روپے فی لیٹر تک کی خصوصی بچت دی گئی ہے۔