کراچی : بن قاسم پاور اسٹیشن میں ہونے والی فنی خرابی کو دور کرنے کے لئے ہالینڈ سے منگوائے گئے روٹر کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا ہے، ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں بہتری لائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق بن قاسم پاور اسٹیشن کی فنی خرابی دور کرنے کے لئے کے الیکٹرک نے ہالینڈ سے 41 ٹن کا پرزہ روٹر منگوالیا ہے جس کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ پرزے کی تنصیب کا کام 20 مئی تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد شہر میں بجلی فراہمی کی صورتحال میں بہتری آئی گی۔دوسری جانب رمضان کی آمد کے موقع پر کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوگی تاہم رہائشی علاقوں میں صارفین کو رمضان میں ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔بن قاسم پاور اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث کراچی کے مستثنیٰ اور غیر مستثنیٰ علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔