لاہور:آج کل گرمی کی شدت کی وجہ سے روزے کے دوران بھوک کی بجائے پیاس زیادہ محسوس ہوتی ہے اور اس مسئلے کا ایک آسان حل یہ ہے کہ آپ سحر و افطار میں ایسے پھلوں کا استعمال ضرور کریں جو پیاس بجھانے کیلئے انتہائی مفید ہیں۔ان خاص پھلوں میں سیب بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پیاس بھی کم کرتا ہے اور پھپھڑوں کی خشکی بھی دور کرتا ہے۔ کیلے کا استعمال بھی پیاس کم کرتا ہے لیکن خیال رکھیں کیلے کچے نہ ہوں۔ ناریل اور اس کا پانی پیاس بجھاتا ہے، جسم کی گرمی دور کرتا ہے اور توانائی فراہم کرتا ہے۔ کھیرے میں نوے فیصد پانی ہوتا ہے اور اس کا استعمال جسم کو ٹھنڈک دیتا ہے اور مثانے کا فعل درست کرتا ہے۔ انگور کا استعمال پیاس کو تسکین دیتا ہے اور خشک کھانسی سے نجات دلاتا ہے۔ آم بھی جسم کو نمی فراہم کرتا ہے اسے سکنجین کے ساتھ فروٹ چاٹ کی صورت میں کھایا جاسکتا ہے۔ اگرچہ آلو بخارے کی ہر قسم کی پیاس کم کرنے کیلئے بہترین غذا ہے لیکن تاریخی رنگ کے آلو بخارے اس مقصد کیلئے خاص طور پر مفید ہیں۔ پیاس پر قابو پانے کیلئے مندرجہ بالا پھلوں کے علاوہ پالک کا استعمال بھی مفید ہے۔ اس کے سبز پتے جسم کو نم رکھتے ہیں اور یہ قبض کو بھی دور رکھتی ہے۔