شہید کرنل سہیل کی نماز جنازہ آبائی علاقے وہاڑی میں ادا

 

اسلام آباد: کوئٹہ میں آپریشن کے دوران شہید کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے وہاڑی میں ادا کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہید کرنل سہیل عابدکا تعلق پنجاب کے علاقے وہاڑی سے تھا۔ ان کے جسد خاکی کو آبائی گاؤں پہنچایا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ان کے عزیز و اقارب، اہل علاقہ، پاک فوج اور سول افسران نے شرکت کی۔ شہید کرنل کو وہاڑی میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔ شہید کرنل کےبھائی اور والد کا کہنا ہےکہ سہیل عابد نے قوم کے لئے قربانی دی، ان کی شہادت پر سرفخر سے بلند ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بہادر افواج سرزمین پاک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پر عزم ہو کر لڑتی رہیں گی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہید کرنل سہیل کے اہلخانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بطور قوم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر اور متحد ہیں، دھرتی کی حفاظت کے لئے اپنے خون کی بھاری قربانیاں دیں جس کی کوئی مثال نہیں۔