نوشہرہ میں ایف سی کی گاڑی پرخودکش حملہ-حملہ آور ہلاک 14افراد زخمی

 

پشاور :نوشہرہ میں ایف سی کی گاڑی پرخودکش حملے میں حملہ آور ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔حکام کے مطابق جمعرات کی دوپہر نوشہرہ کے انتہائی حساس علاقے کچہری چوک میں موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب وہاں سے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ گزر رہا تھا۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قافلے میں شامل کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔خودکش حملے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے جنہوں نے زخمیوں کو قریبی فوجی اسپتال منتقل کردیا۔پولیس آفیسر ندیم بخاری نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ خودکش حملے میں حملہ آور مارا گیا ہےجبکہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ خودکش حملہ آور کم عمر لڑکا تھا۔خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلی کے مشیر شوکت علی یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔کالعدم جماعت احرار نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔